Skip to main content

دیگر نماز حاجت

حدیث ١٥٤٩ - ١٥٤٩

میرے والد رضی اللہ عنہ نے مجھے اپنے خط میں تحریر کیا کہ فرزند جب تمہیں کوئی حاجت اللہ کی بارگاہ میں در پیش ہو تو تین دن روزہ رکھو چہار شنبہ ، پنجشبہ اور جمعہ، جمعہ کا دن آئے تو غسل کر کے قبل زوال اللہ کی بارگاہ میں دعا کیلئے نکلو اور دو رکعت نماز پڑھو ہر رکعت میں ایک مرتبہ سورہ الحمد اور پندرہ مرتبہ قل هو الله احمد پڑھو اور جب رکوع میں جاؤ تو اس میں دس مرتبہ قل ھو اللہ احد پڑھو اور رکوع سے سر اٹھاؤ تو اس کو دس (١٠) مرتبہ پڑھو جب سجدہ میں جاؤ تو اسی سورہ کو دس مرتبہ اور سجدے سے سر اٹھاؤ تو اسی سورہ کو دس مرتبہ پڑھو پھر جب دوسرے سجدہ میں جاؤ اسی سورہ کو دس مرتبہ پڑھو اور جب دوسرے سجدے سے سر اٹھاؤ تو اس سورہ کو دس (١٠) مرتبہ پڑھو پھر بغیر اللہ اکبر کہے دوسری رکعت کیلئے کھڑے ہو جاؤ اور اسے بھی اسی طرح پڑھو جس طرح میں نے تم سے پہلی رکعت کیلئے بیان کیا اور دوسری رکعت میں رکوع سے پہلے اور سوروں کی قراءت کے بعد قنوت پڑھو ۔

اور جب اللہ کے فضل سے تمہاری حاجت پوری ہو جائے تو دو رکعت نماز شکر پڑھو پہلی رکعت میں الحمد اور قل ھو اللہ احمد اور دوسری رکعت میں سورہ الحمد اور قل یا ایھا الکافرون پڑھو ۔ اور پہلی رکعت کے اندر رکوع میں الحمد لله شكراً سجدہ میں شكراً لله حمداً اور دوسری رکعت کے رکوع میں اور سجدے میں کہو ۔ اَلْحَمْدُ لِلَّهِ الَّذِىْ قَضَى حَاجَتِى و أَعْطَانِي مَسْئَالَتِي (حمد اس اللہ کی جس نے میری حاجت پوری کر دی اور جو میں نے مانگا تھا وہ مجھے عطا کر دیا)

١٥٤٩ - اور محمد بن احمد یحییٰ  بن عمران اشعری کی کتاب میں ابراہیم بن ہاشم سے روایت مرقوم ہے کہ انہوں نے روایت کی محمد بن سنان سے اور انہوں نے اس روایت کو مرفوع کیا حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی طرف ایک شخص کے متعلق کہ وہ اپنے کسی کام کیلئے پریشان اور متفکر تھا تو آپ نے فرمایا وہ دو رکعت نماز پڑھے اور ان دونوں رکعتوں میں سے کسی ایک میں ایک ہزار مرتبہ قل ھو اللہ احد پڑھے اور دوسری میں صرف ایک مرتبہ پھر اپنی حاجت طلب کرے ۔ اور نماز حاجت کے متعلق میں نے جتنی رواتیں پیش کی ہیں ان سب کو میں نے کتاب ذکر الصلوات میں بھی درج کر دیا جو پچاس کے اوپر ہیں ۔