آپ کا سن ولادت حضرت حسین ابن روح کی نیابت کا پہلا سال
ان کی ولادت قم میں ۳۰۵ ھ کے بعد ہوئی جو حسین ابن روح کی سفارت کا پہلا سال تھا جیسا کہ تاریخ ابن اثیر سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہوں نے ۳۰۵ ھ کے حادثات میں تحریر کیا کہ اسی سن ماہ جمادی الاول میں ابو جعفر محمد بن عثمان عسکری المعروف بہ السمان کی وفات واقع ہوئی جن کو لوگ عمری کے لقب سے پہچانتے ہیں اور یہ امامیہ کے رئیس و سردار تھے اور ان کے متعلق دعویٰ کیا جاتا ہے کہ وہ امام منتظر تک رسائی کا ذریعہ تھے اور انہوں نے مرتے وقت ابو القاسم حسین بن روح کو اپنا وصی بنایا اور شیخ طوسی نے اپنی کتاب الغیبتہ میں تحریر کیا ہے کہ ان کی وفات جمادی الاول کی آخری تاریخوں میں ہوئی اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ شیخ صدوق کی ولادت ۳۰۹ ھ یا اس کے بعد ہوئی اس لئے کہ عمری کی وفات اور ابو القاسم روحی کی سفارت اسی سال کے ماہ جمادی الاول میں ہوئی اور ابو القاسم روحی کی سفارت کے اوائل میں شیخ صدوق کے والد عراق آئے ۔ ابو القاسم روحی سے کچھ مسائل دریافت کئے پھر واپس ہوئے پھر علی بن جعفر اسود کے ہاتھوں انہوں نے ایک خط روانہ کیا پھر امام کی طرف سے اس کا جواب پھر کنیز کی خریداری پھر زمانہ حمل ولادت اس کو ایک عرصہ چاہیئے اور کچھ نہیں تو کم از کم ۳۰۶ھ یا اس کے بعد ان کی ولادت ہونی چاہیئے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ شیخ صدوق اپنے والد اور اپنے شیخ ابو جعفر محمد بن یعقوب کلینی علیہ الرحمہ کے ساتھ ساتھ زمانہ غیبت صغری میں بیس سال سے کچھ زیادہ عرصے رہے کیونکہ ان دونوں کی وفات ۳۲۹ ھ میں ہوئی اور ابی الحسن علی بن محمد سمری سفراء اربعہ میں سے آخری کی وفات بھی اسی سال ہوئی اور پھر غیبت کبری کا دور شروع ہوا ۔