باب اس نماز کا ثواب جسے لوگ نماز فاطمہ سلام اللہ علیھا کے نام سے یاد کرتے ہیں اور جسے لوگ توبہ کرنے والوں کی نماز بھی کہتے ہیں
حدیث ١٥٥٦ - ١٥٥٧
١٥٥٦ - عبداللہ بن سنان نے حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام سے روایت کی ہے کہ آپ نے فرمایا کہ جو شخص وضو کرے وہ پورا وضو کرے اور نماز شروع کرے تو چار رکعت نماز پڑھے اور دو رکعت کے بعد سلام سے درمیان میں فاصلہ دے اور ہر رکعت میں سورہ فاتحہ ایک مرتبہ اور سورہ قل ھو اللہ احد پچاس مرتبہ پڑھے ۔ اور یہ نماز جس وقت چاہے پڑھے تو اللہ اور اس شخص کے درمیان کوئی ایسا گناہ نہ رہ جائیگا جس کو اللہ تعالٰی بخش نہ دے ۔
١٥٥٧ - لیکن محمد بن مسعود عیاشی رحمہ اللہ نے اپنی کتاب میں عبداللہ بن محمد سے انہوں نے محمد بن اسماعیل بن سماک سے اور انہوں نے ابن ابی عمیر سے انھوں نے ھشام بن سالم سے انہوں نے حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام سے روایت کی ہے کہ آپ نے فرمایا کہ جو شخص چار رکعت نماز پڑھے اور ہر رکعت میں پچاس مرتبہ سورہ قل ھو اللہ احد پڑھے تو یہ نماز حضرت فاطمہ سلام اللہ علیھا ہوگی اور یہی توبہ کرنے والوں کی نماز بھی ہے ۔
اور ہمارے شیخ محمد بن ولید رضی اللہ عنہ اس نماز کی اور اس کے ثواب کی روایت کیا کرتے تھے لیکن وہ یہ کہا کرتے تھے کہ میں نہیں جانتا کہ اس نماز کا نام نماز فاطمہ سلام اللہ علیہا ہے لیکن اہل کوفہ اسکو نماز فاطمہ سلام اللہ علیہا کے نام سے
جانتے ہیں ۔
اور ابو بصیر نے بھی حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام سے اس نماز کی اور اسکے ثواب کی روایت کی ہے ۔