باب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی وہ نماز جس پر اللہ تعالی نے انہیں وفات دی
حدیث ٦٧٩ - ٦٧٩
٦٧٩ - حضرت امام محمد باقر علیہ السلام نے بیان فرمایا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم دن کو زوال آفتاب تک ذرا بھی نہیں سوتے تھے جب زوال آفتاب ہو جاتا تو آٹھ رکعت نماز پڑھتے تھے اور یہ توبہ کرنے والوں کی نماز ہے اس وقت آسمان کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں دعا قبول کی جاتی ہے ، ہوا چلنے لگتی ہے اور اللہ تعالٰی اپنی مخلوقات پر نظر ڈالتا ہے ۔ پھر جب سایہ ایک ہاتھ ہو جاتا ہے تو ظہر کی چار رکعت پڑھتے اور بعد ظہر دو رکعت اسکے بعد دو رکعت اور اسکے بعد جب سایہ دو ہاتھ پہنچ جاتا تو عصر کی چار رکعت پڑھتے اور پھر عصر کے بعد کچھ نہ پڑھتے یہاں تک کہ آفتاب قریب غروب ہو جاتا اور جب غروب ہو جاتا تو مغرب کی نماز تین رکعت پڑھتے اور اسکے بعد چار رکعت پھر کچھ نہ پڑھتے یہاں تک کہ شفق گر جاتی اور جب شفق گر جاتی تو عشاء کی نماز پڑھتے اور اسکے بعد آپ اپنے بستر پر تشریف لے جاتے اور کوئی نماز نہ پڑھتے یہاں تک آدمی رات ہو جاتی جب آدھی رات ہو جاتی تو آٹھ رکعت پڑھتے اور رات کے آخری چو تھائی حصہ میں تین رکعت وتر پڑھتے اور اس میں سورہ الحمد اور قل ہو اللہ احد پڑھتے اور ان تین رکعتوں میں ایک سلام سے فصل دیتے پھر باتیں کرتے اور کوئی ضرورت ہوتی تو اسے کہتے ۔ اور اپنے مصلے سے اس وقت تک نہ اٹھتے جب تک کہ وہ تین رکعتیں نہ پڑھ لیتے جن میں وتر پڑھتے اور رکوع سے پہلے قنوت پڑھتے ۔ پھر سلام پڑھتے اور نماز فجر سے پہلے دو رکعت نماز پڑھتے پھر جب فجر کا وقت ہو جاتا اور اجالا صاف اور روشن ہو جاتا تو فجر کی نماز پڑھتے یہ تھیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی وہ نمازیں جن پر اللہ تعالٰی نے انہیں وفات دی ۔