Skip to main content

باب مرغ کے بانگ دیتے وقت کا قول

حدیث ١٣٩٢ - ١٣٩٧

١٣٩٢ - حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام نے ارشاد فرمایا کہ جب تم مرغ کی بانگ سنو تو یہ کہو سُبُّوْحٌ قُدُّوْسٌ رَبِّ الْمَلَائِكَةِ وَالرُّوُحِ سَبَقَتْ رَحْمَتُكَ عَضَبِكَ لَا إِلَهَ إِلَّا أَنْتَ سُبْحَانَكَ وَبِحَمْدِكَ عَمَلْتَ سُوْءَاً وَ ظَلَمْتُ نَفْسِىْ (اے ملائیکہ اور روح کے پروردگار تو ہر طرح پاک اور ہر طرح منزہ ہے تیری رحمت تیرے غضب سے پہلے ہے نہیں ہے کوئی اللہ سوائے تیرے ، تو پاک ہے اور تیری حمد کے ساتھ اقرار ہے کہ میں نے برے عمل کئے اور اپنے نفس پر ظلم کیا مجھے بخش دے اس لئے کہ سوائے تیرے اور کوئی گناہوں کو نہیں بخشے گا) ۔ 

١٣٩٣ - امام علیہ السلام نے فرمایا کہ تم لوگ مرغ سے پانچ باتیں سیکھو نماز کے وقت کو یاد رکھنا ، غیرت ، سخاوت ، شجاعت اور کثرت جماع ۔

١٣٩٤ - آپ نے فرمایا تم لوگ کوّے سے تین باتیں سیکھ لو اپنی جفتی کو چھپانا ، بہت تڑکے طلب رزق کیلئے نکل جانا ، چوکنا رہنا ۔

١٣٩٥ - حضرت امام محمد باقر علیہ السلام نے فرمایا کہ اللہ کا ایک فرشتہ سفید مرغ کی شکل کا ہے اس کا سرعرش کے نیچے اور اسکے پاؤں ساتویں طبقہ زمین کی جڑ میں ہیں اس کا ایک بازو مشرق میں اور ایک مغرب میں ہے جب تک وہ بانگ نہیں دیتا دنیا کا کوئی مرغ بانگ نہیں دیتا اور جب وہ بانگ دیتا ہے اپنے دونوں بازو پھڑ پھڑاتا ہے اور کہتا ہے سبحان الله سبحان الله سبحان الله العظيم الذي ليس كمثله شيء یعنی اللہ پاک و منزہ ہے اللہ پاک و منزہ ہے وہ عظیم اللہ پاک و منزہ ہے کہ جسکے مثل کوئی شے نہیں تو اللہ تبارک و تعالٰی جواب دیتا ہے اور کہتا ہے کہ جو شخص اس بات کو جانتا ہے جو تو کہہ رہا ہے تو وہ جھوٹا حلف نہ اٹھائے گا ۔

١٣٩٦ - روایت کی گئی ہے کہ اسی مرغ کیلئے یہ آیت نازل ہوئی ہے وَٱلطَّيْرُ صَـٰٓفَّـٰتٍۢ ۖ كُلٌّۭ قَدْ عَلِمَ صَلَاتَهُۥ وَتَسْبِيحَهُۥ ۗ (پرندے اپنے پر پھیلائے ہوئے ہیں ہر ایک اپنی تسبیح اور اپنی نماز کو جانتا ہے)(سورہ نورآیت نمبر ٤١) 

١٣٩٧ - اور روایت کی گئی ہے کہ حاملین عرش صرف چار ہیں ان میں سے ایک مرغ کی شکل کا ہے جو اللہ تعالی سے پرندوں کیلئے رزق مانگتا ہے ، ایک شیر کی شکل کا ہے جو اللہ تعالٰی سے درندوں کیلئے رزق طلب کرتا ہے ، ایک بیل کی شکل کا ہے جو اللہ سے سارے جانوروں کیلئے رزق طلب کرتا ہے ایک نبی آدم کی شکل کا ہے جو اللہ تعالٰی سے نبی آدم کیلئے رزق مانگتا ہے اور جب قیامت کا دن ہوگا تو پھر حاملین عرش آٹھ ہو جائیں گے چنانچہ اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے وَيَحْمِلُ عَرْشَ رَبِّكَ فَوْقَهُمْ يَوْمَئِذٍۢ ثَمَـٰنِيَةٌۭ ( تمہارے رب کا عرش اس دن آٹھ اٹھائے ہونگے) (سورہ الحاقہ آیت نمبر ١٧)