Skip to main content

زکوٰۃ کے متعلق چند نادر احادیث

حدیث ١٦٤١ - ١٦٤٣

١٦٤١ - علی بن یقطین سے روایت ہے اس کا بیان ہے کہ ایک مرتبہ میں نے حضرت امام ابو الحسن اول (امام موسیٰ بن جعفر) علیہ السلام سے عرض کیا کہ ایک شخص مر گیا اور اس پر زکوٰۃ واجب الادا تھی اور اس نے وصیت کی تھی کہ میری طرف سے زکوٰۃ ادا کر دی جائے ۔ اب اس کی اولاد محتاج ہے اگر زکوٰۃ ادا کر دی جائے تو یہ ان کیلئے بہت زیادہ مضرت کا سبب ہوگا تو آپ نے فرمایا کہ اولاد کو چاہیئے کہ زکوٰۃ نکال دیں اور پھر وہ زکوٰۃ اپنے لئے واپس لے لیں پھر اس میں سے کچھ نکالیں اور اسے دوسروں کو دیدیں ۔ 

١٦٤٢ - اور اسماعیل بن جابر نے روایت کی ہے کہ میں نے حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام سے دریافت کیا کہ کیا ایک شخص کیلئے یہ جائز ہے کہ اگر وہ محتاج نہ بھی ہو تو زکوٰۃ لیلے اور اس کو تصدق کر دے ؟ آپ نے فرمایا ہاں اور فطرہ میں بھی ایسا کر سکتا ہے ۔

١٦٤٣ - اور ابو بصیر سے روایت کی گئی ہے ان کا بیان ہے کہ ایک مرتبہ میں نے حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام سے عرض کیا کہ امام پر زکوٰۃ کے متعلق کیا فریضہ ہے ؟ تو آپ نے فرمایا کہ اے ابو محمد کیا تمہیں نہیں معلوم کہ یہ ساری دنیا امام ہی کیلئے ہے وہ اسے جیسے چاہے رکھے اور جس کو چاہے دیدے اللہ تعالٰی نے امام کیلئے یہ جائز کر دیا ہے ۔ اور امام کبھی بھی اس حالت میں شب بسر نہیں کرتا کہ اس کی گردن پر کسی کا کوئی حق ہو جس کی اس سے باز پرس کی جاسکے ۔