Skip to main content

باب : ماہ رمضان کی پہلی تاریخ کی دعا

حدیث ١٨٤٨ - ١٨٤٩

١٨٤٨ - حضرت عبد صالح امام موسی بن جعفر علیہ السلام سے روایت کی گئی ہے کہ آپ نے فرمایا کہ (پہلی رمضان کو) نئے سال کا استقبال کرتے ہوئے یہ دعا پڑھو ۔ نیز فرمایا کہ جو شخص احتساب اور خلوص کے ساتھ یہ دعا پڑھے گا تو اس آنے والے سال میں اسکے دین ودنیا اور بدن پر نہ کوئی مصیبت آئے گی نہ کوئی آفت اور نہ کوئی فتنہ ، اللہ تعالٰی اسکو ہر اس شر سے بچالیگا جو اس سال آئیگا ۔

1848.jpg

1848-1.jpg

1848-2.jpg

(اے اللہ میں تجھ سے تیرے اس اسم کا واسطہ دے کر دعا کرتا ہوں جس کے سامنے ہر شے پست و ذلیل ہے اور تیری اس رحمت کا واسطہ دیکر جو ہر شے پر چھائی ہوئی ہے اور اس قوت کا واسطہ دیکر جس سے تو نے ہر شے کو مغلوب کر دیا ہے اور تیری اس عظمت کا واسطہ دے کر جس کے سامنے ہر شے سرنگوں ہے، تجھے تیری اس قوت کا واسطہ کہ جس سے ہر شے بھکی ہوئی ہے ۔ تجھے تیرے جبروت کا واسطہ جو ہر شے پر غالب ہے ۔ تجھے تیرے اس علم کا واسطہ جو ہر شے کا احاطہ کئے ہوئے ہے ۔ اے نور اے قدوس اے ہر شے سے پہلے اول اور اے ہر شے کے بعد باقی رہنے والے اے اللہ اے رحمن تو محمد وآل محمد پر اپنی رحمتیں نازل فرما اور میرے ان گناہوں کو بخش دے جن کی وجہ سے نعمتوں میں تغیر آتا ہے اور میرے ان گناہوں کو بخش دے جنکی وجہ سے عذاب نازل ہوتا ہے ۔  میرے ان گناہوں کو بخش دے جسکی وجہ سے امیدیں منقطع ہو جاتی ہیں ۔ میرے ان گناہوں کو بخش دے جسکی وجہ سے بلائیں نازل ہوتی ہیں ۔ میرے ان گناہوں کو بخش دے جسکی وجہ سے آسمان سے پانی برسنا بند ہوتا ہے ۔ میرے ان گناہوں کو بخش دے جو زہد و تقویٰ کے پردوں کو چاک کر دیتے ہیں ۔ اور اپنی حفاظت کی مضبوط زرہ پہنا دے کہ جس پر کسی کا حربہ اثر نہ کرے ۔ اور اس آنے والے سال کے اندر رات و دن جن مصیبتوں سے میں ڈرتا ہوں ان سے مجھے محفوظ رکھ ۔ اے اللہ اے سات آسمانوں کے رب اور سات زمینوں کے رب اور جو کچھ ان زمینوں کے اندر ہے اور جو کچھ ان آسمانوں اور زمینوں کے درمیان ہے ان سب کے رب اور عرش عظیم کے رب سبع مثانی (سورہ فاتحہ) اور قرآن عظیم کے رب - اسرافیل و میکائیل و جبریل  کے رب اور سید المرسلین و خاتم النبیین کے رب میں سوال کرتا ہوں مجھ سے خود تیری ذات کا واسطہ دیکر اور جو بھی تو نے اپنے نام رکھے ہیں ان سب کا واسطہ دے کر ۔ اے خدائے بزرگ تو ہی وہ ہے جو بڑی نعمتیں دیتا ہے اور ہر طرح کے خطرے دور کرتا ہے تو ہی تمام بڑے عطیات دیتا ہے اور قلیل نیکیوں پر کئی گنے کا اضافہ کر دیتا ہے اور تو جو چاہتا ہے کرتا ہے تو صاحب قدرت ہے ۔
                 اے اللہ اے رحم کرنے والے رحمت نازل فرما محمدؐ وآل محمدؐ پر اور اس میرے آنے والے سال میں مجھے اپنی حفاظت کی پوشاک پہنا دے اور میرے چہرے کو اپنے نور سے روشنی بخش مجھے اپنی محبت کے ساتھ زندہ رکھ مجھے اپنی رضا و خوشنودی نصیب کر اور اپنے نفیس و بیش قیمت و بزرگ عطیہ کو جو تیرے پاس سب سے بہتر ہو اور اس سے بھی بہتر جو اپنی مخلوق میں سے کسی کو تو نے عطا کیا ہو اور اس کے علاوہ لباس عافیت بھی پہنا دے ۔ اے ہر ایک کی شکایت سننے والے۔ اے ہرسرگوشی کے شاہد ۔ اے ہر پوشیدہ بات کو جاننے والے ۔ اے اس بلا کو دفع کرنے والے جسے تو چاہے ۔ اے عفو کرنے والے کریم ۔ اے بہترین در گزر کرنے والے مجھے ملت ابراہیم اور ان کی فطرت پر اور دین محمدؐ اور انکی سنت پر موت دے اور مجھے موت آئے تو تیرے اولیاء سے محبت کرتے ہوئے اور تیرے دشمنوں کو دشمن رکھتے ہوئے آئے ۔ اے اللہ تو مجھے اس سال کے اندر ہر اس قول اور ہر اس فعل سے کنارہ کش رکھ جو مجھ کو تجھ سے دور کر دے مجھے ہر اس عمل وقول و فعل کی طرف مائل کر جو مجھ کو تجھ سے قریب کر دے اے ارحم الراحمین ۔ اور مجھ کو ہر اس قول و عمل کے کرنے سے روک جسکے برے انجام پر تیری سزا ملے ۔ میں ڈرتا ہوں اس امر سے کہ کہیں تو اپنے لطف وکرم کا رخ میری طرف سے پھیر نہ لے اور جو کچھ تیرے خزانہ قدرت میں ہے اسکے اندر میرے حصہ میں کمی نہ ہو جائے ۔ اے مہربانی کرنے والے اے رحم کرنے والے ۔ اے اللہ تو مجھے میرے اس آنے والے سال کے اندر اپنے حفظ وامان اور پناہ میں رکھ اور مجھے اپنی عافیت کا لباس پہنا دے مجھ پر اپنے کرم کی بخشش فرما ۔ تیری پناہ میں آنے والا بہت قوی ہوتا ہے ۔ تیری حمد وثناء بہت بڑی ہے اور تیرے سوا کوئی اللہ نہیں ہے ۔
          اے اللہ تیرے اولیاء میں سے جو صالحین گزرے ہیں ہمیں ان کے تابع اور ان سے ملحق کر دے اور ان میں جو تیرے متعلق سچ بولتے رہے ہمیں ان کا ماننے والا بنا ۔ اے اللہ میں تیری پناہ چاہتا ہوں اس امر سے کہ میرے گناہ میری ناانصافیاں اور میری فضول خرچیاں میری خواہشات کی پیروی ۔ اور شہوات میں مشغولیت ہر طرف سے مجھ کو گھیر نہ لیں اور یہ سب میرے اور تیری رحمت اور تیری رضا کے درمیان حائل نہ ہو جائیں اور تیری رحمت مجھے بھول نہ جائے اور میں تیری ناراضگی اور تیرے عذاب کا مستحق نہ بن جاؤں اے اللہ مجھے ہر اس عمل صالح کی توفیق عطا فرمایا کہ جس سے تو مجھ سے راضی ہو جائے اور ذرا مجھے اپنے قریب کرلے ۔ اے اللہ جس طرح تو نے اپنے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی انکے دشمنوں کے خطرے میں حفاظت فرمائی اور انکے غم کو دور کیا انکے کرب و تکلیف کو برطرف کیا اور ان سے جو وعدہ کیا تھا اسے پورا کیا اور اپنے عہد کو وفا کیا ویسے ہی اے اللہ اس سال کے خطرات و آفات و امراض و فتنہ و شرو حزن و تنگی معاش سے میری حفاظت فرما ۔ اور اپنی رحمت سے مکمل عافیت و بھر پور اور مسلسل نعمتیں میری زندگی کے آخر تک مجھے پہنچا تا رہ ۔ میں تجھ سے اسی طرح سوال کرتا ہوں جیسے کوئی گنہگار و ظالم و ذلیل و خوار اپنے گناہوں کا اعتراف کرنے والا کرتا ہے کہ میرے گزشتہ گناہ جو تیرے کراماً کاتبین ملائکہ نے میرے نامہ اعمال میں محفوظ کرلئے ہیں انہیں بخش دے اور اے اللہ میری باقی عمر میں مرتے دم تک مجھے گناہوں سے بچا ۔ اے اللہ اے رحمن رحمت نازل فرما محمدؐ اور انکی آل پر اور جن باتوں کی میں نے دعا مانگی ہے وہ مجھے عطا کر اس لئے کہ تو نے مجھے دعا کرنے کا حکم دیا اور اس کی قبولیت کا وعدہ فرمایا ہے اے ارحم الراحمین)

١٨٤٩ - اور حضرت امام زین العابدین علیہ السلام ماہ رمضان میں یہ دعا پڑھا کرتے تھے 

Picture.jpg

(اے اللہ یہ وہ ماہ رمضان ہے جس میں تو نے قرآن نازل فرمایا ہے ۔ یہ روزہ کا مہینہ ہے ۔ یہ اللہ کی طرف رجوع ہونے کا مہینہ ہے یہ تو بہ کا مہینہ ہے یہ مغفرت کا مہینہ ہے یہ رحمت کا مہینہ ہے یہ جہنم سے نجات کا مہینہ ہے یہ جنت حاصل کرنے کا مہینہ ہے ۔ اے اللہ اسکو میرے لئے سلامت رکھ اور میری طرف سے اسکو سلامتی دے ۔ اور اس پر میری اعانت کر بہترین اعانت ۔ اس میں مجھے اپنی اطاعت کی توفیق دے ۔ اس میں مجھے اپنی عبادت کیلئے ، تجھ سے دعا مانگنے ، تیری کتاب کی تلاوت کیلئے فارغ رکھ ۔ اس میں میرے لئے برکت میں اضافہ کر اس میں میری عافیت کو بہتر کر ۔ اس میں میرے بدن کو صحتمند رکھ اس میں میرے لئے میرے رزق میں وسعت دے اس میں جو افکار مجھے لاحق ہوں اس میں مدد کر ۔ اس میں میری دعاؤں کو قبول فرما ۔ اس میں مجھے میرے مقصد تک پہنچا دے ۔ اے اللہ اس میں مجھ سے اونگھ و سستی و ملال و کمزوری و بے رحمی و غفلت و لاپروائی کو دور رکھ ۔ اے اللہ تو اس مہینہ میں مجھے روگ ، بیماری ، رنج و غم ، عارضہ اور مرض ، خطا و گناہ سے محفوظ رکھ ۔ اور اس مہینہ میں بدی ، فحش ، تکدر، بلاء تعب و تکان کو مجھ سے دور کر بیشک تو دعا کو سننے والا ہے ۔ اے اللہ اس مہینہ میں مجھے اپنی پناہ دے شیطان رجیم سے ، اسکی چالبازی سے ، اسکے فریب سے اسکے پیدل اور سوار سے ، اسکے کید سے اسکے مکر ہے ، اسکے دھوکے سے ، اسکے بہلاوے سے ، اسکی چالبازی سے ، اسکے فریب سے ، اسکے ساتھیوں سے ، اسکے دوستداروں سے ، اور ان سب کے کید و مکر سے ، اے اللہ اس مہینہ میں پورے روزے رکھنے کی توفیق دے اسکے قیام میں جتنی مجھے امید ہے وہ پوری ہو اور ان تمام امور کو میں مکمل طور پر انجام دوں جسکی بنا پر تو مجھ سے راضی ہو جائے پورے صبروایمان ویقین و احتساب کے ساتھ ۔ پھر ہمارے اس عمل کو قبول فرما اور اسکا کئی گنا ثواب اور اجر عظیم عطا فرما ۔ 
          اے اللہ اس مہینہ میں مجھے جدوجہد و قوت و نشاط و توبه و انابت، رغبت و خوف ، خضوع و خشوع ، نرم دلی ، سچی زبان اور تجھ سے خوف ، تجھ سے امید ، تجھ پر تو کل تجھ پر بھروسہ کرنے کی توفیق دے اور یہ کہ میں ان امور سے اجتناب کروں جسکو تو نے حرام قرار دیا ہے ، درست قول اور قابل قبول عمل کے ساتھ ( اور یہ کہ میں ان اعمال کو صبر و یقین و ایمان و احتساب کے ساتھ مکمل کروں جو تجھے میری طرف سے راضی کر دے اور پھر تو انکو قبول فرما کر کئی گنا ثواب اور اجرعظیم عطا فرما ۔ اے اللہ مجھے اس مہینہ میں جدو جہد وقوت و خوش دلی در جوع قلب و تو به - رغبت و خوف و جزع و رقت قلب ) و بلند ہونے والا عمل و مقبولیت دعا کی توفیق عطا فرما اور میرے اور ان امور کے درمیان کوئی عارضہ کوئی مرض کوئی ہم و غم نہ حائل ہو تجھے تیری رحمت کا واسطہ اے ارحم الراحمین ۔