Skip to main content

باب : اولاد علی کے ساتھ نیک سلوک کرنے کا ثواب

حدیث ١٧٢٥ - ١٧٢٧

١٧٢٥ - رسول اللہ صلی اللہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ جس شخص نے ہمارے اہلبیت میں سے ایک کے ساتھ بھی اچھا سلوک کیا میں قیامت کے دن اس کو اس کا بدلہ دیدونگا ۔

١٧٢٦ - نیز آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ میں قیامت کے دن چار قسم کے لوگوں کی شفاعت کروں گا خواہ وہ دنیا بھر کے گناہ سمیٹ کر اپنے ساتھ کیوں نہ لائیں ۔ وہ شخص جس نے میری ذریت (اولاد) کی نصرت کی ۔ وہ شخص جس نے میری ذریت کی تنگدستی میں اس کے لئے اپنا مال خرچ کیا ۔ وہ شخص جس نے اپنی زبان اور دل سے میری ذریت کے ساتھ محبت کی وہ شخص جس نے میری ذریت کی حاجت روائی کی کوشش کی جبکہ لوگ اس کو چھوڑ دیں اور بھگا دیں ۔ 

١٧٢٧ - حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام نے فرمایا کہ جب قیامت کا دن ہوگا تو ایک منادی ندا دے گا کہ اے گروہ خلائق خاموشی کے ساتھ سنو محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) تم لوگوں سے کچھ کلام کرنا چاہتے ہیں چنانچہ سب لوگ خاموش ہو جائیں گے اور نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کھڑے ہو کر فرمائیں گے اے گروہ خلائق اگر تم لوگوں میں سے کسی نے مجھ پر کوئی بخشش کی ہو کوئی احسان کیا ہو یا کوئی نیک سلوک کیا ہو تو وہ کھڑا ہو جائے میں اس کے بدلہ اس کو دیدوں ۔ تو ہر طرف سے لوگ پکار کر کہیں گے کہ ہم لوگوں کے ماں باپ آپ پر قربان ہم لوگوں کی آپ پر کون سی بخشش کونسا احسان اور کون سا نیک سلوک ہوگا ۔ بلکہ تمام خدائی پر تو ساری بخشش سارا احسان اور سارا سلوک نیک تو اللہ اور اسکے رسول ہی کا ہے ۔ تو آپ فرمائیں گے اچھا تو جس شخص نے میرے اہلبیت میں سے کسی کو پناہ دی ہو یا اسکے ساتھ نیکی کی ہو یا جسکے پاس کپڑے نہ ہوں تو اس نے اس کو کپڑا پہنایا ہو یا بھوکا ہو تو اس نے اس کو کھانا کھلایا ہو تو وہ اٹھے میں اس کو اسکا بدلہ دونگا ۔ تو کچھ لوگ کھڑے ہونگے جنہوں نے ایسا کیا ہو گا پس اللہ تعالیٰ کی طرف سے ندا آئے گی اے محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) اے میرے حبیب میں نے ان لوگوں کے (احسان کے بدلے کا اختیار تمہیں دیدیا تم ان لوگوں کو جنت میں جہاں چاہو ساکن کر دو ۔
               امام علیہ السلام نے فرمایا کہ پھر آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ان لوگوں کو مقام وسلیہ میں ساکن کریں گے جہاں ان میں اور محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) اور ان کے اہلبیت کے درمیان کوئی حجاب نہیں رہے گا ۔ (معانی الاخبار صفحہ ٦١١ پر ایک طویل حدیث میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ وسیلہ جنت میں میرا درجہ ہے جو ہزار گنا بلند ہے)