باب : مرض کی وہ حد کہ مریض روزہ ترک کر دے
حدیث ١٩٤١ - ١٩٤٦
١٩٤١ - ابن بکیر نے زرارہ سے روایت کی ہے اسکا بیان ہے کہ میں نے حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام سے دریافت کیا کہ مرض کس حد کا ہو کہ جس پر مریض روزہ ترک کر دے اور کھڑے ہو کر نماز پڑھنا چھوڑ دے ؟ آپ نے فرمایا کہ انسان اپنے نفس پر خود نظر رکھتا ہے اور اسکو سب سے زیادہ علم ہے کہ اس میں کتنی طاقت ہے ۔
١٩٤٢ - جمیل بن دراج نے ولید بن مسیح سے روایت کی ہے کہ اسکا بیان ہے کہ ایک دن مدینہ میں ماہ رمضان کے اندرمجھے بخار آگیا تو حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام نے میرے پاس ایک پیالہ میں سرکہ اور زیتون بھیجا اور مجھے کہلایا کہ تم اس سے افطار کرو اور بیٹھے بیٹھے نماز پڑھو ۔
١٩٤٣ - بکربن محمد ازدی نے حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام سے روایت کی ہے اسکا بیان ہے کہ میں نے سنا کہ میرے والد نے آنجناب سے دریافت کیا مرض کی حد کے متعلق کہ جس میں انسان روزہ ترک کر دے تو آپ نے فرمایا جب وہ سحری نہ کھا سکے ۔
١٩٤٤ - سلیمان بن عمرو نے حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام سے روایت کی ہے آپ نے بیان فرمایا کہ ایک مرتبہ حضرت ام سلمہ رضی اللہ عنہا کی ماہ رمضان میں آنکھیں دکھنے آگئیں تو رسول اللہ صلی اللہ وآلہ علیہ وسلم نے انکو حکم دیا کہ تم روزہ نہ رکھو اور فرمایا کہ رات کی غذا تمہاری آنکھوں کے لئے مضر ہے ۔
١٩٣٥ - اور حریز کی روایت میں ہے جو انہوں نے حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام سے کی ہے کہ آپ نے فرمایا کہ جب روزہ دار کو یہ ڈر ہو کہ روزہ آنکھوں کے لئے مضر ہے تو افطار کرلے ۔
١٩٣٦ - نیز فرمایا کہ جب کبھی روزہ مضر ہو تو پھر افطار (روزہ نہ رکھنا) واجب ہے ۔