Skip to main content

باب : ماہ رجب کے روزہ کا ثواب

حدیث ١٨٢٠ - ١٨٢٢

١٨٢٠ - ابان بن عثمان نے کثیر النوا سے اور اس نے حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام سے روایت کی کہ آپ نے بیان فرمایا کہ حضرت نوح علیہ السلام یکم رجب کو کشتی پر سوار ہوئے تو آپ نے اپنے ساتھیوں سے کہا کہ تم لوگ اس دن روزہ رکھو ۔ امام علیہ السلام نے فرمایا کہ جو شخص اس دن روزہ رکھے گا اس سے جہنم ایک سال کی مسافت تک دور رہے گی ۔ اور جو سات دن روزہ رکھے گا اس کے لئے جہنم کے ساتوں دروازے بند کر دیئے جائیں گے اور جو آٹھ دن روزہ رکھے گا اس کے لئے جنت کے آٹھوں دروازے کھول دیئے جائیں گے۔ اور جو پندرہ دن روزہ رکھے گا وہ جس چیز کا بھی سوال کرے گا اسکو عطا کر دیا جائے گا اور جو اس سے بھی زیادہ روزہ رکھے گا اللہ تعالیٰ اتنی ہی اپنی بخشش کو زیادہ کر دے گا ۔ 

١٨٢١ - حضرت ابو الحسن امام موسیٰ بن جعفر علیہ السلام نے ارشاد فر یا کہ جنت میں رجب نام کی ایک نہر ہے جس کا پانی دودھ سے بھی زیادہ سفید اور شہد سے بھی زیادہ شیریں ہے ۔ جو شخص ماہ رجب میں ایک دن بھی روزہ رکھے گا اللہ تعالیٰ اس کو اس نہر سے سیراب کرے گا ۔ 

۱۸۲۲ - نیز حضرت امام ابوالحسن بن جعفر علیہ السلام نے ارشاد فرمایا کہ رجب ایک با عظمت مہینہ ہے اسکے اندر نیکیوں کا کئی گنا ثواب دیا جاتا ہے اور گناہوں کو محو کر دیا جاتا ہے جو شخص رجب میں ایک دن روزہ رکھے گا اس سے جہنم ایک سال کی مسافت تک دور ہو جائے گی اور جو شخص اس میں تین دن روزہ رکھے گا اس پر جنت واجب کر دی جائے گی ۔